علماء کرام کی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی

25

اسلام آباد۔26اپریل  (اے پی پی):علماء کرام نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ پیر کے روز وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری اور نیشنل کوارڈینیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا۔جس میں ملک کے تمام مکاتب فکر کے جید علما ء خصوصی دعوت پراس اجلاس میں شریک ہوئے۔کوروناکے پھیلاؤ کے اضافے کی شرح کو مد نظر رکھتے ہوئے، فورم نے تمام علمائے کرام کو اس کے پھیلاؤ کے سد باب کے سلسلے میں کی گئی حکومتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔علاوہ ازیں ایوان صدر سے جاری شدہ بیس نکاتی ایجنڈے کو سامنے رکھتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کو مرتب کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں رمضان کے بقیہ ایام بالخصوص یوم علی ، آخری عشرہ کے قیام الیل ، شب قدر ، جمعتہ الوداع ،چاند رات اورعید الفطر کے اجتماعات میں ایس او پیز پر لازمی عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے علمائے کرام کی خصوصی معاونت پہ زور دیا گیا۔تمام شرکاء نے وبا کے پھیلائو اورانسداد کے عمل کی حکومتی کوششوں کو سراہا اور اپنی تجاویزسے بھی آگاہ کیا۔تمام علمائے کرام نے حکومت کو منبرومحراب کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔