لاہور 20 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعظم صحت اقدامات،مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں کی تعمیر،بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن اور صوبہ بھرمیں دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کاتفصیلی جائزہ لیا جس پر سیکرٹری صحت سارہ اسلم نے اُن کو پنجاب بھرمیں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم صحت اقدامات کے تحت آٹھ بڑے اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور مدراینڈچائلڈہسپتالوں کومقررہ مدت میں مکمل کرینگے، تمام جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایاجائے، خودجاکرتمام جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے، وزیراعظم صحت اقدامات کے تحت اٹک،ڈی جی خان،جھنگ،قصور،میانوالی،راجن پور،لودھراں اور چنیوٹ کے اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکئے جارہے ہیں، تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں شاندار اور جدیدطبی سہولیات میسرآسکیں گی، عوام کو ان کی دہلیزپر صحت کی بہترسہولیات فراہم کرناریاست کی ذمہ داری ہے۔