قبائلی اضلاع کی تیز ترقی کیلئے  ڈیڈک چیئرمین کے دفاتر کھولے جارہے ہیں؛ممبر صوبائی اسمبلی اقبال میاں

28

پاراچنار،10اپریل(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی اقبال میاں نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کی تیز ترقی کیلئے  ڈیڈک چیئرمین کے دفاتر کھولے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں چیئرمین ڈیڈک کے آفس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ممبر صوبائی اسمبلی اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی سید اقبال میاں نے کہا کہ ضلع کرم میرا گھر ہے اور حلقے کے لوگ میرے فیملی کے مانند ہیں، انہیں کبھی مایوس نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ  ترقیاتی کاموں کی  مشاورت اور نگرانی کیلئے ڈیڈک کا دفتر کھولا گیا اور عوام کی آسان رسائی کیلئے کچہری کے حدود میں دفتر قائم کیا گیا ہے۔

 افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آفاق وزیر کا کہنا تھا کہ ڈیڈک چیئرمین کے آفس کھولنے سے شہریوں کا ترقیاتی کاموں کے حوالے سے باآسانی رابطہ ہوسکے گا اور منتخب نمائندے تک بروقت اپنی آواز پہنچائیں گے اور اپنے مسائل حل کریں گے۔

 تقریب میں ڈی پی او طاہر اقبال سمیت مختلف محکموں کے افسران قبائلی عمائدین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

 تقریب سے اپنے خطاب میں حاجی سید سجاد حسین ، سید محمد شیرازی اور عمران الدین بنگش نے کہا کہ سید اقبال میاں عوامی مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں اور ڈیڈک کے آفس کے قیام سے ان کے مسائل مزید بہتر طریقے سے حل ہونگے۔