مظفرگڑھ،25 اپریل (اے پی پی ): تھانہ چوک سرور شہید پولیس کی بڑی کاروائی ، چند روز قبل ہونے والی 11 لاکھ روپے کی چوری میں ملوث چور کو گرفتار کر کے نقدی اور سامان برآمد کر لیا، چور اور بھی کئی وارداتوں میں ملوث نکلا۔
تفصیل کے مطابق مظفرگڑہ کے علاقے چوک سرور شہید میں چند روز قبل ایم ایم روڈ پر چوری کی ایک بڑی واردات ہوئی، جس میں چور زرعی آلات کی دوکان کی چھت اکھاڑ کر دوکان میں داخل ہوا اور 11 لاکھ روپے نقدی سمیت ایک لائسنس والا پسٹل اور دیگر قیمتی سامان بھی اپنے ساتھ لے گیا ،واردات کا سارا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا ۔
پولیس کو اطلاع ملی تو پولیس نے جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہو چور کا پتہ لگایا اور اسے گرفتار کر کے اس سے 11 لاکھ روپے نقدی، پسٹل اور دیگر قیمتی سامان بھی برآمد کر کے مدعی کے حوالے کر دیا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی کوٹ ادو سیفی اللہ یار کا کہنا تھا کہ چور سے 11 لاکھ 5 ہزار روپے نقدی سمیت دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ چور اس کے علاوہ بھی کئی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہے، جس کی تفتیش کی جا رہی ہے اور اس واردات کے علاوہ بھی کئی وارداتیں بھی برآمد کر لی گئیں ہیں۔
مدعی نے چور گل اثنان کو گرفتار کرنے پر ڈی ایس پی سیفی اللہ یار ،ایس ایچ او ملک سمیت دیگر عملے کو پھولوں کی ہار پہناے اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔