پشاور، 12اپریل(اے پی پی): وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج کا اجراء غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے کیونکہ معاشرے کے متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا حکومت کا بنیادی ایجنڈا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں صوبے کے عوام کے طرز زندگی میں بہتری آئی ہے جس کا اعتراف یو این ڈی پی کی رپورٹ میں بھی کیا گیا ہے، اسلئے اب حکومت کا فوکس مہنگائی کے خاتمے پر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کے ہمراہ حیات آباد میں یوٹیلٹی رمضان میگا مارٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا ، جسے وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج2021 کے تحت قائم کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران بنگش کا کہنا تھا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج کے تحت صوبہ بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کو معیاری اشیاء بازار سے کم قیمت پر دستیاب ہوں گی، اس کے علاوہ جہاں جہاں پر صوبائی حکومت نے سستا بازار قائم کئے ہیں وہاں پر بھی یوٹیلیٹی اسٹورز اپنے اسٹالز لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان صوبے کے عوام کے لیے عنقریب تاریخی رمضان پیکج کا اعلان کریں گے اور پاکستان بیت المال، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اور صوبائی محکمہ ریلیف کے باہمی تعاون سے کسان بازار قائم کیے جائیں گے،اسکے ساتھ ساتھ صوبے کے دیہاڑی دار مزدوروں اور دیگر مستحق افراد کے لیے فوڈ ٹرک کے ذریعے کھانا فراہم کرنے کے لیے ‘ کوئی بھوکا نہ سوئے’ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
کامران بنگش نے مزید کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کو اوپر اٹھانے کے لیے متعدد پروگرام شروع کیے گئے جن میں احساس پناہ گاہ، احساس نشونما وغیرہ شامل ہیں اور اسی سلسلے میں کورونا وباء کی پہلی لہر کے دوران احساس کیش پروگرام کے تحت مستحق لوگوں میں امدادی رقم منظم اور شفاف انداز میں تقسیم کی گئی۔