معاشرے کے کمزور طبقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے: وزیراعلی محمود خان

15

پشاور،31 مارچ(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے صوبے کا متوسط اور غریب طبقہ متاثر ہوا ہے، مگر معاشرے کے کمزور طبقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اسلئے رمضان المبارک میں غریب اور متوسط طبقے کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عمر لودھی سے ایک ملاقات کے دوران کیا جسمیں  یوٹیلیٹی اسٹورز میں عوام کو رمضان پیکج دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر اعلی نے رمضان المبارک کے دوران صوبے کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر تمام اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران کی ہدایات کی روشنی میں رمضان المبارک کے دوران یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلی کے مشیر برائے اطلاعات کامران بنگش اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز بھی ملاقات میں موجود تھے