ملاکنڈ؛ ڈپٹی کمشنر کارمضان سستا بازار کا دورہ، اشیائے خورد ونوش کے  معیار اور قیمتوں کا جائزہ

53

 

ملاکنڈ،19 اپریل(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ سہیل خان نے اسسٹنٹ کمشنر درگئی محب اللہ خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وحید اللہ کے ہمراہ  سخاکوٹ میں  قائم   رمضان سستا بازار کا دورہ کیا اور سستا بازار میں اشیائے خورد ونوش کے معیار و مقدار سمیت نرخوں کا جائزہ لیا۔

دورہ  کےدوران ڈپٹی کمشنر نے سستابازار میں لوگوں کے شکایات سننے کے لئے شکایات سیل قائم کر کے شکایات سیل کا دورہ بھی کیا۔ ڈپٹی کمشنرنے رمضان سستا بازا ر میں لگائے گئے سستا تندور اور سٹالز دیکھے اور سستا بازار میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی، نرخ نامہ اویزاں کرنے اورسستا بازار کے حوالہ سے عوام کو معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

  دورہ  کے دوران ڈپٹی کمشنرملاکنڈ سہیل خان نے کہا کہ ماہ مقدس میں کسی کوناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائیگی اور اگرکسی کو ناجائز منافع خوری یاناقص اشیاء کے فروخت میں ملوث پایا گیا تو انہیں جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابتک 13افراد کو مقررہ نرخوں سے زائد ریٹ پر گوشت و دیگر اشیاء فروخت کرنے کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنرملاکنڈ سہیل خان نے کہا کہ سستا بازار کیساتھ ساتھ بازارو ں میں روزمرہ استعمال کے اشیاء کے نرخوں اور معیار و مقدار کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں اور سرکاری نرخوں سمیت سستا بازاروں میں رعایتی نرخوں پر اشیائے خورد نوش کے فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس میں مخیر حضرات آگے بڑھ کر اپنے ہم وطن مسلمان بہن بھائیوں کی دل کھول کر مد د کریں کیونکہ رمضان المبارک کا مہینہ ثواب کمانے کا مہینہ ہے اور اگر ہر مسلمان اپنے اوپر فرض زکواۃ کا صحیح اور بروقت استعمال کریں تو غربت پر قابوپایا جاسکتا ہے۔

 دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر درگئی محب اللہ خان اورا یڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وحید اللہ خان نے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ کو سستا بازار میں کئے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔