ملاکنڈ ، 28اپریل(اے پی پی): کمشنر ملاکنڈ ظہیرالاسلام نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں کورونا سنگین صورتحال اختیار کرگئی ہے اور یہاں مجموعی طور پر مثبت کورونا کیسز کی شرح نو فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
کمشنر ملاکنڈ ظہیرالاسلام نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں کورونا کی سنگین صورتحال پر جن اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح پانچ فیصد سے زیادہ ہے، وہاں تمام تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں جبکہ ایس او پیز پر سختی عمل درآمد کروانے کیلئے تمام اضلاع میں پاک آرمی کو طلب کیا گیا ہے جو ڈی پی او، ضلعی انتظامیہ اور تاجر برادری کے ہمراہ صبح شام فلیگ مارچ بھی کرینگے۔
ظہیرالاسلام نے کہا کہ ایس او پیز کے نفاذ اور ہفتہ میں دو دن لاک ڈاون پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو حکومت ایس او پیز کے نفاذ کیلئے سختی بھی کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ میں ہسپتال بھر چکے ہیں، بیڈز کم پڑنے لگے ہیں اور اموات کی شرح دو فیصد ہے، جو کہ انتہائی خطرناک ہے، تاہم پوری حکومتی مشینری اس وقت فعال ہے اور عوام کو ہر ممکنہ سہولیات دی جارہی ہیں، اسکے علاوہ حکومت ترغیبی طریقے سے عوام کو گھروں تک محدود رکھنے پر بھی عمل پیرا ہے۔