ملتان؛ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ کا سبزی منڈی کا دورہ، بولی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا

78

ملتان، 18اپریل(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ نے علی الصبح اچانک سبزی منڈی کا دورہ کیا اور سبزی و فروٹ منڈی میں سبزیوں اور پھلوں کے بولی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا، اشیاء کی طلب اور رسد بارے معلومات حاصل کیں اور ریٹ لسٹ کی تیاری بارے بھی دریافت کیا جبکہ سبزی منڈی کی سیکیورٹی اور صفائی کے انتظامات بارے بھی استفسار کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے پھلوں اور سبزیوں کے ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے تمام کولڈ سٹور چیک کرنیکی ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، مارکیٹ کمیٹی کا عملہ سبزی اور پھلوں کی بولی کے نظام کی بھرپور مانیٹرنگ کرے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو بڑھاوا دینے کے غلط بولی کی بالکل اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو بولی کے نظام کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔

 ڈپٹی کمشنر نے 25فیصد سبسڈی دینے کے لئے خربوزہ اور بیگن کو فئیر پرائس شاپ کے13 آئٹم میں شامل کرنیکی ہدایات جاری کی۔

 سی پی او منیر مسعود مارتھ نے پولیس حکام کو منڈی کی سیکورٹی مزید بہتر بنانے کی تلقین کی۔انہوں  نے کہا سبزی اور فروٹ منڈی میں آنیوالی ہیوی ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور  سبزی منڈی کے اطراف میں گشت کا نظام موثر بنایا جائے۔

منیر مسعود مارتھ نے کہا سبزی منڈی آنیوالے ہر تاجر،دکاندار اور شہری کی سیکیورٹی پولیس کا فرض ہے اور  سیکیورٹی ڈیوٹی سے غفلت برتنے والے افسران اور اہلکاروں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

ڈپٹی کمشنر اورسی پی او کو سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم نے  بریفنگ بھی دی۔