ملتان، 19اپریل(اے پی پی):وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع ملتان میں”خدمت آپ کی دہلیز پر”پروگرام کے تحت ہفتہ صفائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو شہر میں زیرو ویسٹ کا ٹارگٹ دے دیا ہے۔
ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ صفائی کو کامیاب بنانے کے لئے کمپنی کی تمام مشینری اور افرادی قوت کو فیلڈ میں اتار دیا گیا ہے اور کمپنی کا آیریشن اور آئی ٹی ونگ صفائی مہم کی کامیابی میں لیڈنگ رول ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی منیجرزآپریشنز،سیکٹر انچارجز اور سپروائزرز شہر میں ویسٹ، کچرے اور ملبے کی تصاویر ایپ پر اپ لوڈ کررہے ہیں اور موازنہ کے طور پر ان مقامات کی صفائی کےبعد لی گئی تصاویر دوبارہ اپ لوڈ کی جارہی ہیں۔
فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی تصاویر کے ساتھ صفائی کا ٹارگٹ دے رہے ہیں۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران، وزیراعظم ٹائیگر فورس کے رضا کار اور فوکل پرسنز بھی ویسٹ اور کچرے کی پکٹوریل نشاندہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کمپنی کے کمپلینٹ نمبر1139 پر بھی شکایات کا ڈیٹا بمعہ ایڈریس نوٹ کیا جارہا ہے اور واٹس ایپ نمبر 03059215555 اور کمپنی کی فیس بک پر موصول ہونیوالی شکایات کا ازالہ بھی ہفتہ صفائی کا حصہ ہے۔
ایم ڈی نے کہا کہ گلیوں،سڑکوں،خالی پلاٹوں میں پڑا کوڑا،کچرا اور ملبہ سمیٹا جارہا ہے اور تمام پرانے کنٹینرز کی مرمت اور رنگ و روغن کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہری ہفتہ صفائی کے حوالے سے اپنا فیڈ بیک ایپ پر دے سکیں گے جس سے کمپنی کی کارکردگی کا تعین کیا جائے گا،
“خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام کے تحت ہفتہ صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
فخرالاسلام ڈوگر نے کہا ہماری کوشش ہے کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ہفتہ صفائی میں پورے پنجاب میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرے۔انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب وزیراعلی عثمان بزدار کا وژن ہے۔