ملتان،06اپریل(اے پی پی): شہر اولیاءملتان میں”انصاف سستی موبائل شاپ “پروگرام کا افتتاح ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سستی موبائل شاپ پروگرام وزیراعظم عمران خان کی حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے، ماہ رمضان میں شہریوں کو ان کی دہلیز پر سبزیاں،فروٹ اور اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔اس سلسلے میں ملتان شہر میں 100 انصاف سستی موبائل شاپس متعارف کرائی جارہی ہیں، حکومت نے موبائل شاپس کی رجسٹریشن اور برینڈنگ کی ہے، ان گاڑیوں کو منڈی کے ریٹ پر اشیائے ضروریہ فراہم کی جائیں گی اور عام مارکیٹ کے مقابلے میں سستی موبائل شاپس سے اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر دستیاب ہو نگی، گاڑیوں کو شہر میں مخصوص جگہوں پر پارک کیا جائے گا۔ان گاڑیوں کی جیو ٹیگنگ کی جائے گی اور پرائس مجسٹریٹس ان گاڑیوں کو چیک کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 11 رمضان بازار لگائے جارہے ہیں،سستی موبائل شاپس سے رمضان بازاروں میں رش نہیں ہو گا اور کورونا ایس او پیز پر عمل ہو گا۔اس کے علاوہ سستی موبائل شاپس کو سبز رنگ کی ریٹ لسٹ جاری کی گئی ہے۔
افتتاح کے موقع پر پروگرام کی کامیابی اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی اور انصاف سستی موبائل شاپس نے گلگشت، بوسن روڈ سے گھنٹہ گھر تک روڈ مارچ بھی کیا۔