پشاور، 12اپریل(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ بنیادی تربیت سابقہ لیویز اور خاصہ داروں کے پیشہ وارانہ کیرئیر کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے اور کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے پولیس جوان تربیت مکمل کرنے کے بعد پولیس فورس کے لئے قیمتی اثاثہ ثابت ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جمرود فورٹ سنٹر ضلع خیبر میں سابقہ لیویز اور خاصہ داروں کے دوسرے بیچ کے بنیادی تربیت مکمل کرنے کے بعد پاسنگ آﺅٹ پریڈ کے موقع پر شرکاءسے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکٹر کمانڈر 102 بریگیڈ، بریگیڈئیر مدثر سعید، ڈی آئی جی ٹریننگ سید امتیازشاہ، سی سی پی او پشاوراحسن عباس، ڈی پی او ضلع خیبروسیم ریاض ، پاک فوج، فرنٹئیر کور اور پولیس کے دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پولیس سربراہ نے کہا کہ بنیادی تربیت جوانوں کی استعدادی اور چھپی ہوئی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرتی ہے اور بہترین پیشہ وارانہ تربیت سے آراستہ جوان فیلڈ میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور مشکل اہداف کے حصول کے لئے ہر اول دستہ کاکردار ادا کرتے ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ تربیتی ادارے زیر تربیت جوانوں کو اداروں کی مضبوطی اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کےلئے جدید پولیسنگ کے حوالے سے بہت کچھ سکھاتے ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے جوانوں میں ملک وقوم کی خدمت اور قربانی کا جذبہ بدرجہ اتم موجود ہے۔ اور یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ تربیت کےلئے نامزد کردہ تمام اہلکاروں نے انتہائی جوش و جذبے اور لگن کے ساتھ کامیابی سے ٹریننگ مکمل کرلی۔