ملک بھر میں75ہائی ٹیک ہنر مراکزکے قیام کے حوالے سے نیو ٹیک میں کانفرنس کا انعقاد

29

اسلام آباد۔26اپریل  (اے پی پی):ملک بھر میں75ہائی ٹیک ہنر مراکزکے قیام کے حوالے سے نیو ٹیک میں کانفرنس کا انعقادکیا گیا۔ چئیر مین نیو ٹیک سید جاوید حسن نے ملک بھر میں ان ہنر مراکزکے قیام کی افادیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مراکزوزیر اعظم کے ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت قائم کئے جائیں گے اور ان کے قیام سے پاکستان میں نہ صرف ٹیوٹ سیکٹر مضبوط ہو گابلکہ نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے حصول میں بھی آسانی ہو گی۔نیو ٹیک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر خان نے کانفرنس کے شرکاء کو ہائی ٹیک ہنر مراکز کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی اور کہا کہ ان  مراکزز کو دورِ حاضر کی جدید ٹیکنالوجیز سے لیس کیا جائے گا۔ان ہنر مراکز کے قیام کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو جدید اور عالمی معیارکی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے اندرونِ وبیرونِ ملک ملازمتوں کے وسیع مواقع فراہم کرنا ہے۔ نیو ٹیکTVET سیکٹرکو جدیدخطوط پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ 75 جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہنر مراکز نہ صرف نوجوانوں کو معیاری ہنرسکھانے میںاہم کردار ادا کریں گے بلکہ نوجوانوں کو ملازمت اور کاروبار کے متعلق رہنمائی بھی فراہم کریں گے۔علاوہ ازیں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے کہا کہ اِن مراکز کے قیام کے حوالے سے ابتدائی کام مکمل ہو چکا ہے اور ستمبر 2021 تک ان کا  باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ کانفرنس کے شرکاء نے  ہنر مراکز کے قیام میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور اس ضمن میں قیمتی آراء بھی دیں۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے کانفرنس کے شرکاء کی  جانب سے مکمل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان مراکز کے قیام میں اِن آراء کو ملحوظِ خاطررکھا جائے گا۔ کانفرنس میں  ٹیوٹ سیکٹر سے وابستہ عہدیداران ، پبلک سیکٹر کے نمائندوں ،جامعات کے سربراہان  نے شرکت کی۔