پشاور، 5اپریل(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج ریجنل پولیس افسران کے ساتھ منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس کی صدارت کی، جس میں صوبے میں رواں سال کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی پی انوسٹیگیشن، ایڈیشنل آئی جی پی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی فنانس، ڈی جی پی سی یو، ڈی آئی جی انوسٹیگیشن، اے آئی جی اسٹبلشمنٹ اور اے آئی جی لیگل نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ سی سی پی او پشاور اور تمام ریجنل پولیس افسران ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس میں شریک ہوئے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے پولیس کارکردگی کو امن و آمان کے قیام کے حوالے سے پولیس کی عملی کاوشوں کا آئینہ دار قرار دیا۔ اور کانفرنس کے شرکاءکو ہدایت کی کہ وہ ماہ رمضان میں سیکیورٹی اقدامات کے لیے بھر پور تیاری کریں اور ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے کورونا وباءکی روک تھام کے لیے طے شدہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
کانفرنس میں پولیس اصلاحات پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ عوام کی خدمت کو وابستہ توقعات اور اُمنگوں کے مطابق بہتر بنایا جاسکے۔