نارووال، 16 اپریل ( اے پی پی) :صوبائی سیکریٹری ریگولیشن احمد علی کمبوہ نے ڈپٹی کمشنرظہیر حسن کےہمراہ سستارمضان بازارکا دورہ کیا۔ سیکریٹری ریگولیشن پنجاب احمد علی کمبوہ نے رمضان بازار میں اشیاء خوردونوش اور انتظامیہ کی طرف سے دی جانے والی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نارووال نے صوبائی سیکریٹری ریگولیشن کو بتایا کہ رمضان بازاروں میں حکومت پنجاب کی طرف سے دی گئی سبسڈی پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی جاری ہے اور رمضان بازاروں میں کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔سیکریٹری ریگولیشن پنجاب نے اس موقع پر ہدایت کی کہ رمضان بازار میں عوام کو خریداری میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
سیکرٹری ریگولیشن پنجاب کو بتایا گیا کہ رمضان بازاروں میں 10کلوگرام آٹے کا تھیلا 375روپے اور چینی 65روپے فی کلوگرام فروخت کی جا رہی ہے اور رمضان بازاروں میں عام مارکیٹ کی نسبت اشیاء خوردونوش سستے نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
سیکریٹری ریگولیشن نے اسسٹنٹ کمشنر نارووال کی طرف سے کی طرف سے رمضان بازار میں شہریوں کے لئے کیے جانے والے انتظامات کو سراہا۔انہوں نے شہریوں کو رمضان بازار میں کورونا ایس او پیز کے حوالے سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ رمضان بازاروں میں ماسک پہن کر آئیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔
بعدازاں سیکرٹری ریگولیشن پنجاب نے ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن کے ہمراہ سرکاری ریسٹ ہاؤس اراضی ریکارڈ سنٹر اورڈی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ کیا اورڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں کورونا کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سیدہ تہنیت بخاری و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔