ناموس   رسالت ﷺ کے معاملے پر  توڑ پھوڑ سے مغرب کو کوئی فرق نہیں  پڑتا ،معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا تو ا س سے فرق پڑے ، میں یہی کررہا ہوں: وزیر اعظم عمران خان

11

اسلام آباد،19اپریل  (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نبی کریمﷺکی ناموس میں گستاخی روکنے کیلئے میں نے مسلم دنیا کے سربراہان سے ملکر یہ معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا، توڑ پھوڑ سے اغیار کا کچھ نہیں بگڑتا  بلکہ ہم اپنا ہی نقصان کر رہے ہیں، پاکستانی قوم اپنے دین اور نبی سے سب سے زیادہ پیار کرنے والی قوم ہے لیکن مذہبی جماعتیں  بعض اوقات  اس جذبے کا جس طرح غلط استعمال کرتی ہیں اس پر افسوس ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مارگلہ ہائی وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں بدقسمتی سے بعض اوقات سیاسی اور دینی جماعتیں  اسلام کا غلط استعمال کرتی ہیں اور اپنے ملک کو نقصان پہنچایا جا تا ہے۔ غیروں کو تو کوئی فرق نہیں پڑتا  لیکن توڑ پھوڑ سے اپنا ہی نقصان ہوتا ہے۔انہوں  نے کہا کہ ہم سب نبی کریم ﷺ سے بے انتہا محبت کرتے ہیں۔ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا  ۔ د ین سے اس کا لگائو اور نبی کریم ﷺ سے عشق  جس طرح پاکستان میں ہے ،کسی اور ملک میں دیکھنے میں نہیں ملتا ۔ ہم سب کا مقصد ایک ہے۔ ہم اپنے دین اور نبی کریم ﷺ سے بہت پیار کرتے ہیں لیکن اس جذبے کا غلط استعمال کیا جاتا ہے جو افسوسناک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کیا حکومت کواس معاملے کی فکر نہیں ہے  اور کیا جب نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی ہوتی ہےتو ہمیں تکلیف نہیں ہوتی؟۔

   وزیر اعظم   عمران خان   نے کہا کہ اس جذبے کے غلط استعمال سے ہم دین کو فائدہ نہیں پہنچا رہے اور توڑ پھوڑ سے غیروں کا نہیں بلکہ اپنے آپ کو ہی  نقصان  پہنچا رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ میں نے نامو س رسالت ﷺ کےتحفظ کے لئے مختلف مسلم ممالک  کے سربراہان کو ساتھ ملا کر دنیا بھر میں مہم چلائی اور اقوام متحدہ اور یورپی یونین سمیت ہر سطح پر یہ معاملہ اٹھایا۔ توڑ پھوڑ سے مغرب کو کوئی نقصان نہیں پہنچ رہا ، نہ ہی ان کو کوئی فرق پڑتا ہے ۔ جب یہ معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا تو ا س سے فرق پڑے گا اور میں یہی کررہا ہوں ۔

 وزیراعظم نے  مارگلہ ہائی وے منصوبہ  شروع کرنے پر سی ڈی اے کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ پرانا منصوبہ ہے لیکن آگے نہیں بڑھ سکا۔ اسلام آباد کی آبادی میں گزشتہ 20 سال میں  تقریباً ڈیڑھ گنا اضافہ ہو چکا ہے  لیکن آبادی میں اضافہ کے تناسب سے انفراسٹرکچر اور سڑکیں نہیں بنائی گئی جس سے سڑکوں پر ٹریفک کا دبائو بڑھ گیا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ رنگ روڈ کی تعمیر اچھا منصوبہ ہے۔ اس سے ہیوی ٹریفک کو شہر سے باہر نکالنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایک خوبصورت شہر ہے جس کا موسم بہترین ہے۔ اسلام آباد میں لندن جتنی بارش ہوتی ہے۔ مارگلہ ہلز کی وجہ سے یہ سرسبز و شاداب  اورخوبصورت ہے اور گرمی بھی کم  پڑتی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آبادکے لوگوں کو ماحولیات کا بہت خیال ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے ماحولیات اور شجر کاری پر بہت زیادہ توجہ دی ہے۔ ماضی میں درختوں کو بے دریغ کاٹا گیا لیکن نئے درخت نہیں لگائے گئے ۔ جب سے پاکستان بنا ہے صرف 60 کروڑ درخت لگائے گئے ہیں۔ کندیاں ،چھانگا مانگا، دیپالپور ، چیچہ وطنی میں انگریزوں نے بڑے بڑے جنگل لگائے تھے ہم نے مزید جنگل لگانے کی بجائے ان کو ختم کردیا۔ آنے والی نسلوں پر اس کے منفی اثرات ہوں گے۔ ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پوری دنیا خوفزدہ ہے۔ اس سے گرمی بھی بڑھ رہی  ہے اور پانی بھی کم ہو رہا ہے۔ پاکستان کے لئے آنے والے وقت میں پانی کا مسئلہ بہت اہم ہے۔ مصر کے بعد ہمارا ملک دوسرے نمبر پر ہے جہاں کم پانی ہے۔ بھارت کے پاس  ہمارے مقابلہ میں دوگنا پانی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت جو بھی اقدامات کررہی ہے اس میں ماحولیات کو مد نظر رکھا جا ررہا ہے۔ اگر کوئی درخت کاٹنا پڑتا ہے تو اس کی جگہ مزید درخت لگانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ مارگلہ نیشنل ہلز اینڈ پارک سڑک کی تعمیر سے متاثر نہیں ہو گا بلکہ دیوار بننے سے اس کا تحفظ ہو گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مارگلہ ایونیو بننے سے سیاحت کو بھی فائدہ ہو گا ،بھارہ کہو میں میلوں کا ٹریفک جام ہوتا ہے ۔ لاہور اور دیگر علاقوں سے آنے والی ٹریفک کے لئے یہ بائی پاس ہو گا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے   تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ وزیراعظم نے جس طرح اسلام کے لئے جدوجہد کی ہے وہ بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں ان کی نیت کا پھل دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے عقیدے بھی آپس میں نہیں ملتے وہ موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں  اور نہیں جانتے کہ جس شخص کا نام عمران خان ہے اس نے  ہار ماننا سیکھا  ہی نہیں۔

 وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیراعظم اسلام دشمن اور ملک دشمن کو شکست دیں گے۔ انہوں نے انسانیت کی خدمت کی ہے۔ کراچی میں لاہور سے بھی بڑا ہسپتال بنا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں دنیا میں عروج دے گا ۔ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو گا اور دشمن شکست کھائیں گے۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے ایمان اور بدعنوان لوگوںکا ٹولہ ہے۔ قوم کی دعائیں وزیراعظم کے ساتھ ہیں وہ عاشق رسولﷺ ہیں۔ پاکستان اسلام کے لئے بنا ہے ۔ ہم نے پوری کوشش کی کہ مسئلہ کو حل کریں ۔ ہمارے کسی عمل سے پاکستان کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ وزیر اعظم   نے ناموس رسالت ﷺ کے لئے کسی بھی حکمران سے زیادہ کام کیا ہے۔

 پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے  کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان سچے عاشق رسولﷺ ہیں۔جس طرح انہوں نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر  ناموس رسالﷺ کے لئے آواز اٹھائی اور اسلامو فوبیا کے خلاف بات کی کسی حکمران نے نہیں کی۔

 قبل ازیں وزیراعظم نے مارگلہ ہائی وے کا سنگ بنیاد رکھا۔