نوشہرہ ورکاں میں کوروناویکسینیشن جاری،دو ہزار سے زائد افراد نے ویکسین لگوا لی

19

نوشہرہ ورکاں،26اپریل(اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر  راشد اقبال، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹرمقصود ظفر مان، ایم ایس ڈاکٹر عرفان ریاض کی نگرانی میں50سال سے اوپر کے مرد و خواتین کومیونسپل کمیٹی ہال میں قائم کورونا ویکسینیشن سینٹر میں  کورونا ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔دو ہزار سے زائد افراد کو کورونا  ویکسین لگا دی گئی ہے، ویکسین لگانے کا مزید  بھی سلسلہ جاری ہےاور صبح دس بجے سے لیکرتین بجے تک سنٹر کھلا رہتا ہے، ویکسین لگانے کے لیے مساجد میں اعلانات کے علاوہ شہر میں مختلف مقامات پرپینا  فلیکسز بھی لگائے     گئے   ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر راشد اقبال نے میونسپل کمیٹی آفس میں قائم کورونا سنٹر  کا اچانک دورہ کیا اور کورونا انجکشن لگوانے والے افراد کی لگی لائن دیکھ کر ناپسندیدگی کا اظہار کیا  اور باری کے لیے منتظر افراد کے بیٹھنے کے لیے ملحقہ پلاٹ میں شامیانے لگوا کر کرسیاں رکھوا  دیں۔

اس موقع پر ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر مقصود ظفر مان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین لگانے کی بلا قیمت سہولت دی گئی ہے اور 50 سال سے اوپر کے مرد و خواتین ہیلپ لائن 1166 پر انٹری کرا سکتے ہیں اور واپسی میسج آنے پر اپنے علاقہ میں قائم ویکسین سنٹر سے انجکشن لگوا سکتے ہیں۔

انکے ہمراہ سی او اکرام اللہ سندھو بھی موجود تھے۔