وزیراعظم عمران خان  سے ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت   پیٹر سیزج جارتو کی ملاقات

11

اسلام آباد۔30اپریل  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان  سے ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سیزج جارتو نے جمعہ کو یہاں ملاقات  کی۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ دوستانہ روابط کی مناسبت اور پوٹینشل کو مدنظر رکھتے ہوئے مضبوط اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین تجارت، توانائی، آبی وسائل کے انتظام، خوراک و زراعت، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ہنگری کی کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ کاروبا ر دوست ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کریں۔ ملاقات میں کووڈ۔19 کی وبا کے معیشت پر منفی اثرات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے عوام کی ویکسی نیشن  کے سلسلہ میں ہنگری کی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہم نے نہ صرف اپنے عوام کو وائرس سے محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کئے بلکہ انہیں معیشت پر ہونے والے منفی اثرات کے بعد بھوک کے ہاتھوں مرنے سے بھی بچانے کیلئے کوششیں کیں۔ وزیراعظم نے افغانستان کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور صرف بات چیت کے ذریعے مسئلہ کا سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان سے ذمہ دارانہ انخلا اور سیاسی حل کیلئے افغان جماعتوں کی طرف سے تیز پیشرفت کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ سمیت بہت سے اہم اثرات مرتب ہوں گے۔  ہنگری کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک خیرمقدم پر شکریہ ادا کیا اور ہنگری کے وزیراعظم کی طرف سے نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو اپنی حکومت کی خارجہ پالیسی اور اقتصادی ترجیحات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے ملک کی 17 ممتاز  کاروباری شخصیات کے ساتھ پاکستان میں کاروباری مواقع کا جائزہ لینے کیلئے آئے ہیں جو کہ ہنگری کے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کا مظہر ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن کو پاکستان کے دورہ کی دعوت کی تجدید بھی دی جبکہ ہنگری کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو ہنگری کے دورہ کی دعوت دی۔