وزیراعظم عمران خان کی پالیسی ہےمواصلات وسفرکونظام بہترسےبہتربنایاجائے،وزیرپاکستان ریلوےمحمداعظم سواتی

69

 

حیدرآباد، 07اپریل(اے پی پی): وزیر پاکستان ریلوے محمد اعظم سواتی نے کہا ہے کہ ریلوے کی بحالی اور ایل ایم ون منصوبہ معیشت کا رخ بدل دے گا،وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی کے تحت ریلوے کو جلد منافع بخش ،سہولیات سے بھرپور اور محفوظ سفر کازریعہ بنائیں گے،پشاور سے کابل اور ازبکستان ٹرین چلے گی،ورلڈ بنک نے4.8بلین  ڈالر کا قرضہ منظور کرلیا ہے،فریٹ ٹرین منصوبہ پر کام تیز ہے، تاجروں کو سہولیات اور اعتماد دیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے معائنہ کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ ریلوے کراچی محمد حنیف گل ، ڈویژنل انجینئر کامران احمد غور ی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی ہے کہ ملک کو ترقی دی جائے اور مواصلات و سفر کو نظام بہتر سے بہتر بنایا جائے ریلوے کا نظام انگریز کے دور میں بنا تھا لیکن بعد میں فنڈز تو مختص ہو تے رہے لیکن معیاری اور پائیدار کام نہیں ہوا کرپشن نے تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ریلوے نے نصف صدی میں1,2ٹریلین سے زائد نقصان اٹھایا ہے ، پی آئی اے ، او جی ڈی سی اور پاکستان اسٹیل کی طرح یہاں بھی سیاسی بھرتیاں ہو ئیں اور ادارہ تباہی کے دہانے تک پہنچ گیا لیکن اب وزیر اعظم عمران خان کا عزم ہے کہ اسے بدلا جائے اور ملک کو کرپشن و بدعنوانی سے آزاد کرکے ترقی کی راہ پر ڈالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  مجھے یقین ہے کہ وزیر اعظم کی پالیسی کے تحت ہم جلد ہی پاکستان ریلوے کو بحران سے نکالیں گے اور اسے منافع بخش ، سہولیات سے بھرپور اور محفوظ سفر اورترسیل کا ذریعہ بنادیں گے، پشاور سے کابل اور ازبکستان تک مال بردار اور مسافر چلے گی ٹرین چلے گی اس سلسلہ میں معاہدہ ہو چکا ہے اور ورلڈ بنک نے بھی 4.8بلین  ڈالرکا قرضہ منظور کرلیا ہے تاہم ایران و ترکی تک ٹرین کے حوالہ سے جو کوتاہی کی گئی ہے اس کے ذمہ داران کو سزا مل چکی ہے اور مزید کو ملے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ایم ایل ون منصوبہ معیشت کا رخ بدل دے گا اس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے لیکن اس سے قبل ہم فریٹ ٹرین پر کام کررہے ہیں سکھر ڈویژن میں زیادہ حادثات ہو تے ہیں وہاں کے ٹریک کو اپنی مدد آپ کے تحت بہتر و پائیدار بنایا جارہا ہے4ہزار مزدور دن  اور  رات کا م کررہے ہیں ہمیں فنڈز کی کمی نہیں ہماری توجہ سیفٹی ہے انسانی جان کی بہت قیمت ہے اسکا ہمیں احساس ہے اس میں کسی کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور جو بھی غفلت کا ذمہ دار ہوا اسے سخت سزا دی جائے گی۔

 انہوں نے کہاکہ آپ دیکھیں گے کہ30دن میں 2سے3گنا زیادہ فریٹ ہو گا ایم ایل ون میں ممکن ہے تین تین ماہ تاخیر ہو جائے لیکن بزنس مین کے اعتماد اور اسے اچھابزنس دینے کے لیے ہم فریٹ ٹرینیں انہیں دیں گے جو ہمارے ساتھ کاروبار کرے گا ہم ہر ممکن سہولت ،اعتماد اور آزادانہ ماحول انہیں دیں گے اور ریلوے کو منافع بخش بنائیں گے اس کی فزیبلیٹی تیار کرلی گئی ہے میں یقین سے کہتا ہوں کہ 6سے9ماہ میں ہم ریلوے کو منافع بخش بنادیں گے میرے ساتھ تجربہ کار ٹیم ہے ان کی مدد سے ہم چوری اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کووڈ 19سے معیشت کو بہت نقصان پہنچا ہے تاہم دیگر سفریات کے علاوہ ریلوے کووڈ کے حوالہ سے زیادہ محفوظ ہے علاوہ ازیں وزیر ریلوے نے حیدرآباد اور کوٹری میں ریلوے کے مختلف دفاتر ، ورکشاپ،سیلیپر فیکٹری کا معائنہ کیا اور جہاں جہاں تجاوزات قائم ہیں ان کا بھی جائزہ لیا اور کہاکہ جلد اس پر حکمت عملی بنائیں گے۔  انہوں نے حیدرآباد میں منتخب نمائندوں اور تاجروں سے بھی ریلوے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔