وزیرِ اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے منصوبے فراش ٹاؤن اپارٹمنٹس اسلام آباد کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

15

اسلام آباد،8اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے منصوبے فراش ٹاؤن اپارٹمنٹس اسلام آباد کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ یہ منصوبہ ایف ڈبلیو او، سی ڈی اے اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے 3 سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔

 منصوبے میں جدید سہولیات سے آراستہ 3960 فلیٹس بنائے جائیں گے جو مکینوں کو سستی رہائش فراہم کریں گے۔84 ایکڑ پر محیط اس منصوبے میں وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق متوسط طبقے اور کچی آبادیوں کے مکینوں کیلئے خصوصی طور پر فلیٹس مختص کئے گئے ہیں۔منصوبے کے ماحولیاتی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے گرین بیلٹس اور پارکس کے قیام کو بھی خصوصی ترجیح دی گئ ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر پودا بھی لگایا۔ وزیر اعظم کی موجودگی میں منصوبے کے ایم او یو پر بھی دستخط کئے گئے۔

تقریب میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ذوالفقار عباس بخاری، سینیٹر فیصل جاوید، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔