وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی سے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ   نیویارک کے صدر علی راشد   کی ملاقات

27

اسلام آباد۔1اپریل  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ   نیویارک کے صدر علی راشد  نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔بات چیت کے دوران کورونا عالمی وبائی چیلنج،مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔صدر امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ(APAG ) علی راشد نے وزیر خارجہ کو گروپ کی امریکہ میں مقیم پاکستانی  کمیونٹی کیلئے خدمات اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے کی گئی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کی طرف سے 5 فروری کو بطور “کشمیر ڈے” منانے کی قرارداد کی منظوری کیلئے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کی کاوشوں کو سراہا۔وزیر خارجہ نے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کی طرف سے، کورونا وبا کے دوران امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی گئی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی معاونت اور فلاح و بہبود ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔علی راشد نے کورونا وبا کے دوران امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کی خدمات کو سراہنے اور “ایف ایم آنرز لسٹ ” میں نامزدگی  پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔