اسلام آباد،اپریل11(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ جرمنی کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، وزیر خارجہ کو دورہ ء جرمنی کی دعوت ان کے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کی جانب سے دی گئی تھی۔
برلن روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں وزیرخارجہ نے کہا کہ جرمنی کیساتھ ہمارے تعلقات بہت پرانے اور گہرے ہیں اور اس دورے کے دوران کوشش ہو گی کہ اس میں مزید وسعت پیدا کی جائے۔انہوں نے کہا کہ دورہ کے دوران معاشی تعلقات، دوطرفہ تجارت،سرمایہ کاری اوردفاعی تعلقات سمیت عوامی سطح پر دوطرفہ تعلقات کے فروغ پربات ہو گی جبکہ جرمنی کو علاقائی و خطے کی صورتحال، افعان امن عمل اور جنوبی ایشیاء میں امن کے حوالے سے اعتماد لیا جائے گا۔
اپنے دو روزہ دورے کے دوران وزیر خارجہ، جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس، جرمنی کی پارلیمنٹ کے صدر وولف گانگ شوئبلے سمیت اہم قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیرخارجہ جرمنی میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان کے نکتہ نظر پر روشنی ڈالیں گے جبکہ برلن میں واقع پاکستانی سفارت خانے کا دورہ اور جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات بھی وزیر خارجہ کے شیڈول میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ یہ دورہ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ 2012 کے بعد یہ پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ء جرمنی ہے۔ وزیر خارجہ کا یہ دورہ ایسے تاریخی وقت پر ہو رہا ہے جب پاکستان اور جرمنی کے مابین، دو طرفہ سفارتی تعلقات کو ستر سال مکمل ہو رہے ہیں۔ توقع ہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے دورہ ء جرمنی سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو وسعت ملے گی اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ میں معاونت حاصل ہو گی۔