پاراچنار ،12 اپریل(اے پی پی):پاک فوج 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کی پولیس اہلکار تربیت کے بعد مزید بہتر طریقے سے خدمات انجام دیں گے اور پولیس فورس کا کردار قابل ستائش ہے۔
ان خیالات کا اظہار بریگیڈیئر نجف عباس نے پیر کو یہاں آرمی کیمپ میں پولیس کے چار سو اہلکاروں کی تربیت مکمل ہونے کے بعد پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مہمان خصوصی نے فرنٹیئر کور کے کمانڈر کرنل جمیل الرحمٰن ، ڈی پی او طاہر اقبال اور کرنل جاوید الیاس کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔
مہمان خصوصی بریگیڈیئر نجف عباس نے کہا کہ پولیس کے جوان دہشت گردوں کو قلع قمع کرنے کے لئے فرنٹیئر کور اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کردار ادا کررہے ہیں اور باقاعدہ تربیت کے بعد پولیس کے جوان مزید بہتر طریقے سے خدمات انجام دیں گے۔انہوں نے پولیس اہلکاروں کی بہترین تربیت پر کمانڈنگ آفیسر کرنل محمد جاوید الیاس اور میجر ملک محمد نعمان کو داد دی اور ٹریننگ میں بہترین کردار ادا کرنے والے پولیس اہلکاروں میں انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر قبائلی رہنماؤں حاجی سردار حسین ، سید محمود میاں ، پروفیسر جمیل کاظمی کا کہنا تھا کہ انتہائی کم مدت میں نہ صرف پولیس نے عملی تربیت حاصل کی بلکہ ساتھ ساتھ نئے قوانین اور ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے بھی ضروری معلومات حاصل کئے۔ قبائلی عمائدین نے تربیت پانے والے اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ مستقبل قریب میں کرم پولیس صوبے کی بہترین پولیس ثابت ہوگی۔
ڈی پی او طاہر اقبال نے پولیس اہلکاروں میں بہتر تربیت پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 2800 اہلکاروں میں ایک ہزار اہلکاروں کی تربیت مکمل ہوگئی ہے اور انشاء اللہ باقی ماندہ اہلکاروں کی تربیت بھی جلد مکمل کی جائے گی۔