پشاور، 12اپریل(اے پی پی): پشاور انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں افغان شہریوں کے لیے خصوصی سہولت کاونٹر قائم کرلیا گیا ہے، جسکا افتتاح پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل نجیب اللہ احمد زئی نے کیا ۔
سنٹر کے افتتاح کے موقع پر قونصل جنرل نے ہسپتال میں افغان شہریوں کو سہولتیں دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان مریضوں کو پاکستانیوں جیسی صحت سہولیات دی جا رہی ہیں جس پر صوبائی حکومت اور ہسپتال انتظامیہ کا مشکور ہوں، پشاور انسٹیٹیوٹ اف کارڈیالوجی صوبے کے عوام کے ساتھ ساتھ افغان شہریوں کے لیے بھی ایک نعمت ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل ڈائریکٹر پی آئی سی، پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ نے کہا کہ پی آئی سی افغان نرسز اور ڈاکٹرز کے استعداد کار کو بڑھانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ افغانستان سے پاکستان میں میڈیکل ٹورزم کو ترویج دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی سی میں اب تک 114 سے زائد افغان مریضوں کا معائنہ کیا گیا ہے جبکہ ہسپتال کی 4 ماہ سروسز کے دوران 23 افغان مریضوں کی انجیو گرافی اور 11 اوپن ہارٹ سرجریز بھی کی گئی ہیں۔