پشین،11اپریل(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قائم لاشاری نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی اور ناقابل علاج مرض ہے، بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے انسداد پولیوکے قطرے ضرور پلائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پشین میں پانچ سال سے کم عمر بچے کو پولیو ویکسین پلاکر مہم کا افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پشین کی عوام پر زور دیا کہ وہ اس قومی مقصد میں حکومت کا ساتھ دیکر اپنا فریضہ ادا کریں، کیونکہ پولیو ایک موذی اور متعدی مرض ہے جس سے متاثرہ ہر بچہ دیگر درجنوں بچوں کو متاثر کرسکتا ہے اور اردگرد کا تمام علاقے میں اس کے پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع پشین میں ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جارہے ہیں ، پشین بھر کے پانچ سال سے کم عمر بچوں کے والدین، سیاسی اور مذہبی جماعتوں، سماجی تنظیموں، علماء کرام، میڈیا، وکلاء، اساتذہ کرام اور معاشرے کے تمام طبقوں سے اپیل ہے کہ وہ پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔