خوشاب، 06اپریل(اے پی پی): ضلع خوشاب کے تھانہ نوشہرہ اور تھانہ مٹھہ ٹوانہ پولیس نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے 6رکنی خطرناک ماچھی گینگ گرفتار کر لیا ہے، ملزمان کے قبضہ سے چوری شدہ لاکھوں روپے مالیت کا بھاری مقدار میں اسلحہ اور چوری شدہ مال بھی برآمد کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او خوشاب محمد نوید کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی مٹھہ ٹوانہ اور ایس ایچ او تھانہ نوشہرہ کی سربراہی میں بنائی جانے والی ٹیم نے بڑی کاروائی کے دوران علاقے سے 6رکنی ماچھی گینگ گرفتار کر لیا ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں چوری شدہ اسلحہ اور چھینا گیا مال و زیورات اور دیگر سامان برآمد کر لیا ہے۔
ڈی ایس پی سرکل مٹھہ ٹوانہ عامر عباس شیرازی نے پریس کانفرنس مین بتایا کہ تھل اسلحہ ہاؤس جوہر آباد میں نقب زنی کی واردات میں لاکھوں روپے کا اسلحہ چوری کی واردات سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا تھا اور عوام میں بے چینی پھیل رہی تھی جس پر ڈی پی او خوشاب محمد نوید کی طرف سے ڈی ایس پی مٹھہ ٹوانہ کی نگرانی میں ٹیم تشکیل دی گئی ، ٹیم نے شب وروز محنت اور جانفشانی سے کام کرتے ہوئے چھ رکنی ماچھی گینگ محمد ثقلین،فضل الحمن، عامر سجاد، محمد زاہد اقبال، محمد اکرام، محمد کلیم سکنہ جاہلر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے گاڑیاں اور دیگرقیمتی سامان برآمد کر لیا،گرفتارملزمانسےمزیدتفتیشجاریہے،ملزمان نے نوشہرہ کے علاوہ دیگر شہروں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
ڈی پی او خوشاب محمد نوید نے ڈکیت گینگ کی گرفتاری پر پولیس کو مبارکباد دی اور کاروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کے لئے نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔