ملتان، 02 اپریل (اے پی پی): پٹرولنگ پولیس ملتان ریجن نے ماہِ مارچ میں شاہرات پر سفر کرنے والے1551 افراد کو مدد فراہم کی جبکہ مختلف نوعیت کے 747 مقدمات کا اندراج کروایا۔
ایس پی پٹرولنگ پولیس، ملتان ریجن ہمانصیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول، ملتان ریجن نے ماہ مارچ کے دوران شاہراوں پر تیز رفتاری،غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والے319افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کرایا اور ناجائز اسلحہ کے114مقدمات درج کرکے07 کلاشنکوف،03 رائفل، 23 گن، 78 پسٹل 386گولیاں برآمد کیے۔
منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے146مقدمات درج کروائے اس کے علاوہ شراب نوشی کے ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4549لیٹر شراب اور 32227گرام چرس ،بھنگ 8کلو برآمد کی جبکہ دیگرمختلف نوعیت کے164 مقدمات بھی درج کروائے۔
انہوں نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رقم مبلغ 27960 روپے، مردہ گوشت 120 کلو ، 05 موبائل اور چوری شدہ لکڑی برآمد کی۔اس کے علاوہ11گم شدہ بچوں کو ان کے وارثان کے حوالے کیا۔
ایس پی پٹرولنگ پولیس ملتان ریجن ہما نصیب نے پٹرولنگ پولیس، ملتان ریجن کے ملازمان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے موثر پٹرولنگ کرنے اور اپنے بیٹ ایریا میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہاکہ تمام افسران و ملازمین کرونا وائرس سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔پی ایچ پی ہیلپ لائن 1124 آپ کی مدد و رہنمائی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔