پڑوسی ملک ہندوستان میں جو حالات ہیں ہم نہیں چاہتے کہ ویسے حالات یہاں پیدا ہوجائیں: کمشنر کوہلو عمران ابراہیم بنگلزئی

13

کوہلو،27 اپریل ( اے پی پی ) :کورونا وائرس کی تیسری لہر کو انتہائی سنجیدگی سے لے کر ماہرین صحت کی جانب سے بتائے ہوئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے،غیر ضروری سفر،بغیر کسی ضرورت کے بازار اور بھیڑ کے مقامات پر جانے سے گریز کریں تاکہ کورونا وائرس کی تیسری اورشدید لہر سے اپنے آپ کو اور اپنے اہل خانہ کو محفوظ بنا سکے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کوہلو عمران ابراہیم بنگلزئی نے منگل کے روز یہاں اپنے دفتر میں صحافیوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے حوالے سے گفتگو کے دوران کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ایس پی کوہلو عبدالحمید کٹھور،اسسٹنٹ کمشنر کوہلو عبدالستار مینگل اور رسالدار میجر لیویز شیر محمد مری بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرچکا ہے اور پوری دنیا خصوصاًجنوبی ایشیاء میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا کیسزاور اموات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ تشویشناک ہے اس سلسلے میں شہری فوری طور پر ماہرین صحت اور حکومت کی جانب سے بتائے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرکے کورونا کی شدید لہر کے پیش نظر خود کو اور اپنے اہل خانہ کو محفوظ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے رکھنے کو یقینی بنائیں غیر ضروری سفر اور بغیر کسی ضرورت کے بازار اور رش کے مقامات پر جانے سے پرہیز کریں آپ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے خود کو اور اپنے اہل خانہ کو محفوظ بنا سکتے ہیں صوبائی حکومت کے احکامت کی روشنی میں لاک ڈاؤن کے ایام کو تبدیل کردیا گیا اب جمعرات اور جمعہ کو لاک ڈاؤن کیا جائے گا تاجر برادری مشکل کی اس گھڑی میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرکے غیر ضروری دکانوں اور مارکیٹس کو بند کرکے موذی وباء کے روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں ڈپٹی کمشنر عمران بنگلزئی کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک ہندوستان میں جو حالات ہیں ہم نہیں چاہتے کہ ویسے حالات یہاں پیدا ہوجائیں پیار محبت اور اپنے معاشرتی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے شہری ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے اگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا تو قانون کے مطابق سخت فیصلے کرنے پڑینگے،میڈیا کے تعاون سے عوام میں شعور و آگاہی اور کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہیں عوام کے ہی تعاون سے کورونا کی روک تھام ممکن ہے۔

اے پی پی/ کوہلو/ریحانہ