ملتان ،04 اپریل (اے پی پی): صوبائی وزیرجیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مریم نواز اپنے ابو کی طرح یہ نعرے لگائے کرتی تھیں کہ میں باہر نہیں جاﺅں گی مگر انہیں اپنے ابو کی یاد ستارہی ہے اور وہ باہر جانے کےلئے بھرپور کوششیں کررہی ہیں، پی ڈی ایم نے اپنا انجام دیکھ لیا،اپوزیشن جماعتوں کو اسمبلیوں میں رہ کر اپنا کردارا دا کرناچاہیے،ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا امیدوارہی کامیاب ہوگا۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوار کے روز ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملتان کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ موجودہ حکومت جیل کے نظام میں نہ صرف اصلاحات لانا چاہتی ہے بلکہ قیدیوں کو قانون کے مطابق تمام تر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران پنجاب کی 15جیلوں کا دورہ کرکے وہاں کی صورتحال اور جیل خانہ جات پولیس کے مسائل کاجائزہ لیا ہے، گزشتہ دنوں مظفرگڑھ جیل میں بچے کے ساتھ مبینہ طورپر زیادتی کاواقعہ پیش آیا جس کے لیے میں نے وہاں اچانک دورہ کرکے بچوں کی بیرک میں اس بچے سے ملاقات کی اور مجھے بچے سے زیادتی کے شواہد نہیں ملے، اس معاملے کو سیاسی رنگ دے کر اٹھایاگیا۔
انہوں نے کہاکہ ہماری وزارت جیل خانہ جات پولیس کو مراعات دینے کے حوالے سے بھی کوشش کررہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ جیل خانہ جات پولیس کے پے سکیل کا تفصیلی جائزہ لے کر ان کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کی جائیں۔
کورونا کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ پنجاب کی مختلف جیلوں میں 1100سے زائد قیدیوں کی عمر ساٹھ سال سے زائد ہے جنہیں کورونا ویکسین لگانے کےلئے محکمہ صحت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کو اسمبلیوں میں رہ کر اپنا کردارا دا کرناچاہیے کیونکہ پی ڈی ایم نے اپنی زبوں حالی خود دیکھ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرنے والے ہیں، جب عدالتوں نے فیصلہ کیا کہ میاں نوازشریف کو علاج کی غرض سے باہرجانے دیا جائے تو ہم نے اس فیصلے کو قبول کیاحالانکہ ہمارا موقف تھا کہ میاں نوازشریف سے سوا سات ارب روپے کے ضمانتی بانڈ لے کر باہر بھیجاجائے اور میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے بھی نہیں نکالاجائے۔