ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ کا  فروٹ و سبزی منڈی  کادورہ  ، منڈی میں بولی کے نظام کا مشاہدہ کیا

15

ملتان، 20اپریل(اے پی پی ): شہریوں کو پھل، سبزیاں اور دیگر اشیائے ضروریہ سستے نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ سرگرم  عمل  ہے ۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ نے  دوسرے روز بھی فروٹ و سبزی منڈی  کادورہ  کیا ۔

 سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم نے بریفنگ دی۔  ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر نے منڈی میں بولی کے نظام کا مشاہدہ کیا اور پھلوں اور سبزیوں کی بولی دینے والے آڑھتی سے اس کی بیس پرائس مقرر کرنے کا طریقہ کار دریافت کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے خریدار کے اصلی ہونے کی تصدیق کے لئے اس سے اس کی شاپ کے محلِ وقوع بارے بھی معلومات حاصل کیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت منڈی سے مارکیٹ تک اشیائے ضروریہ کے نرخ مانیٹر کررہی ہے ، ان ساری کوششوں کا مقصد شہریوں کے لئے کم قیمت پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانا  ہے ۔انہوں  نے کہا کہ منڈی میں اشیاء کے آکشن کا شفاف نظام مہنگائی کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہےاگر منڈی میں اشیاء کی نیلامی کا میکانزم جعلی ہوگا تواشیاء مہنگی ہونے سے اس کا بوجھ غریب کی جیب پر پڑے گا۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا  کہ سبزی منڈی میں بولی کے نظام کا مشاہدہ کرنے کے لئے مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رہے گا، انتظامیہ ضلع میں قائم 11رمضان بازاروں  میں شہریوں کو سستے نرخوں پر اشیاء ضروریہ فراہم کررہی ہے ۔

سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ مقررہ قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے پر حکومت کی توجہ  ہے ،مارکیٹ میں اشیاء کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے  پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔سی پی او نے کہا پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی میں انتظامیہ کا مکمل ساتھ دیں اور کہا پرائس مجسٹریٹس کی نشاندہی پر ناجائز منافع خوروں کو موقع پر گرفتار کیا جارہا ہے اور مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ رمضان بازاروں میں شہریوں کو شاپنگ کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لئے مکمل پولیس سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔