کووڈ -19 کے خلاف سول حکومت کی مدد کے لئے افواج پاکستان اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

31

اسلام آباد،25اپریل  (اے پی پی):وزارت داخلہ نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے تحت کووڈ- 19 کے خلاف سول حکومت کی مدد کے لئے افواج پاکستان اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

اتوار کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ 23 اپریل کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں این سی سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے فوج کی خدمات حاصل کی جائینگی، فوج سیلاب، زلزلہ، آفات سمیت ہر طرح کی مشکل صورتحال میں ملک و قوم کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، انہیں اس صورتحال میں بھی خدمات کیلئے بلانے کا فیصلہ ہوا،  اتوارکو  وزارت داخلہ نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جسکے تحت گلگت بلتستان، کشمیر، خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد میں ضرورت کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے فوج کی خدمات لیں گے، سندھ میں ابھی فوج نہیں بلائی جارہی۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں ساڑھے تین سے چار لاکھ کورونا کیسز روزانہ سامنے آرہے ہیں، اور صورت حال اتنی خراب ہوچکی ہے کہ شمشان گھاٹ اور قبرستان ایک ہوگئے۔ انہوں  نے کہا پاکستان میں کرورنا کی صورتحال  میں فوج کو ذمہ داری دینا حکومت پاکستان کا اہم فیصلہ ہے۔