ہنگری کی  فوڈ، ٹیکنالوجی، میڈیکل اور آئی ٹی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں، ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سجارتو  کی اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس

18

اسلام آباد،30اپریل (اے پی پی):ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سجارتو نے کہا کہ ہنگری کی  فوڈ، ٹیکنالوجی، میڈیکل اور آئی ٹی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں۔ یورپی یونین  بالخصوص نیٹو ، افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی مکمل حمایت کریں۔جمعہ کو اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں خطے میں پاکستان کے مستحکم کردار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نیٹو کے انخلا کے بعد افغانستان کو ایک بار پھر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دینا چاہئے۔ہنگری کے وزیر خارجہ نے امریکہ اور طالبان کے مابین دوحہ امن معاہدے میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبا کے لئے 200 وظائف جاری رکھنے کے لئے معاہدے  پر دستخط کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا ملک یورپی یونین میں پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کی حمایت کرتا رہے گا۔

وزیر خارجہ قریشی نے کہا کہ ہنگری کی سترہ کمپنیوں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے جس نے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ شراکت کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے ڈیری کی پیداوار اور سائبر سیکیورٹی سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط کیے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین سیاسی مشاورت کا اگلا دور ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، ہنگری کو یورپی یونین کا اہم ملک سمجھتا اور دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہنگری کے وزیر خارجہ نے پاکستان میں کاروباری کمپنیوں کو کاروبار کیلئے 84 ملین ڈالر کریڈٹ لائن دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیر خارجہ نے توقع  ظاہر کی  کہ اس وفد کی، بزنس ٹو بزنس  میٹنگز کے انتہائی حوصلہ افزا ء نتائج سامنے آئیں گے۔ہمیں، پاکستان اور ہنگری کے مابین ڈیری اور سائیبر سیکورٹی کے شعبوں میں کاروباری معاہدوں پر دستخط کی تقریب کو ملاحظہ کر کے خوشی محسوس ہوئی۔انہوں نے ہنگری اور پاکستان کے مابین ڈائریکٹ فلائٹس کے اعلان اور جی ایس پی پلس کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر وزیر خارجہ سجارتو کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف پر ہماری سوچ میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے ،وہ اس بات سے متفق ہیں کہ ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ہم نے باہمی دلچسپی کے شعبوں بالخصوص معیشت، تجارت، عوام کی سطح پر روابط اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔