بڈاپسٹ( ہنگری) ، 30اپریل (اے پی پی ):ہنگری میں تعینات پاکستانی سفیر محمد اعجاز نے کہا ہے کہ ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سجارتو ، ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان تشریف لائیں ہیں ، انکے وفد میں اکیس کے قریب سرمایہ کار اور تاجر شا مل ہیں ۔
ہنگری کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے حوالے سےا پنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دورہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی معاشی سفارت کاری کی کامیابی ہے ، جس کے تحت پاکستان کے سفارت کاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفارت کاری کے ذریعے پاکستا ن میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں دنیا کو آگاہ کیا جائے ۔
انہوں نے کہا ہنگری وسطی یورپ کا ایک اہم ملک ہے ، یہاں سرمایہ کاری سے پورے یورپ تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ پاکستان کو ہنگری کے مختلف شعبوں میں حاصل تجربے سے استفعادہ حاصل کرنا چاہیے ، چونکہ ہنگری ایک زراعی ملک ہے اور اس نے زراعت کے شعبے میں بہت ترقی کی ہے لہذا پاکستان ان تجربات سے مستفید ہو سکتا ہے ۔
پاکستانی سفیر محمد اعجاز نے کہا کہ آج کی ملاقاتوں سے پاکستان اور ہنگری کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی جبکہ مختلف شعبہ جات بالخصوص تجارتی و اقتصادی تعاون کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔