ہنگو، 12 اپریل(اے پی پی): ہنگو پولیس نے اہم کاروائی کرتے ہوئے تین پولیس اہلکاروں کے قتل کے مرکزی اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرہنگو اکرام اللہ خان نے ڈی ایس پی ٹل سعادت خان،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر شفیق خان کے ہمراہ ڈی پی او آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ 13 اپریل 2003 کو ایس ایچ او ٹل عبدالحکیم خان پولیس جوانوں کے ساتھ گشت کر رہے تھے کہ رات گئے مسلح رہزنوں کی پارٹی نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے ایس ایچ او عبدالحکیم خان ، پولیس اہلکار نسیم عباس، اور رفیع اللہ شہید ہو گئے۔ اس اہم کیس کے مرکزی ملزم گل حکیم کو ٹل پولیس نے ڈی ایس پی ٹل سعادت خان کی قیادت میں کامیاب کاروائی میں ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی پی او اکرام اللہ خان نے بتایا کہ ملزم اٹھارہ سال تک روپوش رہا اور مختلف اضلاع میں قیام کرتا رہا۔تاہم پولیس نے جدید خطوط پر اس کی تلاش کا عمل جاری رکھا اور پولیس کو اصل ملزم کی گرفتاری میں کامیابی ملی، ملزم گل حکیم کئی قتل،اقدام قتل،ڈکیتی اور اغوا سمیت سنگین جرائم میں مطلوب رہا ہے اور اس کی گرفتاری پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف زیر دفعہ 302,353,148,149 علت نمبر 197 کے تحت دوآبہ تھانہ میں مقدمہ درج ہے اور اس سے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملزم کے باقی ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔