افغانستان میں امن مذاکرات میں پاکستان کا بہترین کردار ہے جس کی وجہ سے ہندوستان یہاں دہشت گردی کرارہا :قاسم خان سوری

26

کوئٹہ11،مئی ( اے پی پی ) :ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن مذاکرات میں پاکستان کا بہترین کردار ہے جس کی وجہ سے ہندوستان یہاں دہشت گردی کرارہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے ، بلوچستان حکومت میں بعض ارکان کے جو اختلافات ہیں انہیں مل بیٹھ کر حل کرلیا جائے گا ،کورونا کے خلاف ہمارے ڈاکٹرز اور دوسرا عملہ جس جانفشانی سے کام کررہاہے وہ قابل تحسین ہے ۔انہوں نے فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال ، بی ایم سی ہسپتال اور سول ہسپتال میں ویکسی نیشن سینٹرز ، کورونا وارڈز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے تینوں ہسپتالوں کے دورے کے موقع پر کورونا وارڈز ، ویکسی نیشن سینٹرز کے دورے کئے جہاں تمام دستیاب چیزوں پر اطمینان کا اظہار کیا ، صفائی کا نظام بہتر پایا ہمارے ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکل اور نرسنگ سٹاف جس جانفشانی سے کام کررہ اہے وہ قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وباء بڑی تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے انڈیا میں چار چار لاکھ کیسز روزانہ آرہے ہیں وہاں لوگ سڑکوں پر پڑے ہیں اس وباء کو روکنے کے لئے حکومت نے 8سے 16مئی تک مکمل لاک ڈائون لگایا ہے اگر ہم ایسا نہیں کریں گے تو یہ وباء پاکستان میں بھی بڑی تیزی کے ساتھ پھیل جائے گی ۔ قاسم خان سوری کا کہنا تھاکہ لاک ڈائون عوام کو بچانے کے لئے لگایا گیا ہے یہ تاجروں کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے اس لئے عوام عید پر ایس او پیز پر عمل درآمد کرے اور گھروں میں رہے ۔ انہوں نے بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں فورسز پر حملوںکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن مذاکرات ہورہے  ہیں دشمن ممالک وجہ سے ہمارے ملک میں دہشت گردی کرارہاہے ، بلوچستان حکومت میں اختلافات کے حوالے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کوئٹہ  آئے تھے وزیراعلیٰ اور ہماری پارٹی کے پارلیمانی وفد نے ان سے ملاقات کی ، مسائل ہر گھر میں ہوتے ہیں انہیں مل بیٹھ کر حل کرلیا جائے گا۔