ملتان،08مئی(اے پی پی): انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال کو ملک کے طول وعرض میں خوب پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، ملتان کے شہریوں نے اسے انتخابی اصلاحات کی جانب ایک احسن قدم قرار دیا ہے۔
شہری قدیر شجاع آبادی جو پیشہ کے لحاظ سے ایک ڈسپنسر ہیں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل ہونے والے انتخابات میں حکومت کا بہت پیسہ خرچ ہوتا تھا،دن رات محنت ہوتی ہے، وقت برباد ہوتا ہے تمام سیکورٹی فورسز اس میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں اور اس کے بعد ہارنے والا شور کردیتا ہے کہ فلاں فلاں آفیسرز نے دھندلی وغیرہ کی ہے کہ فلاں فارم نہیں ملا یہ ڈرامہ بازی شروع ہوجاتی ہے۔ انشاءاللہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے آنے سے یہ سب مسائل ختم ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں یہ موجودہ حکومت کی ایک اچھی کاوش ہے ہم اسے پسند کرتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان م اور ہمارے ادارے اس پر محنت کریں گے اور یہ یاد رکھیں کہ تھوڑی سی مشکلات کا سامنا ضرور کرنا پڑے گا انشاءاللہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے جو ووٹنگ ہوگی اس سے ہمارا ووٹ ایک اچھے نمائندہ کو جائے گا اور انشاءاللہ امید رکھتے ہیں کہ پاکستان کی تقدیر بدلے گی اور ہم عام ووٹر الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتماد کرتے ہیں پاکستان زندہ باد۔