انتخابی مہم کے دوران عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جارہے ہیں؛ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب 

21

فیصل آباد،28مئی  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات کے موقع پرانتخابی مہم کے دوران عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جارہے ہیں جبکہ لوگوں کو ہنر مند بنانے کیلئے ٹیکنیکل کالج کے قیام سمیت سستے گھر تعمیر کئے جائیں گے اورآئیڈیاز کے حامل بے وسائل نوجوانوں کو 20 لاکھ تک سرمایہ کی فراہمی سمیت ہر شہری کو صحت کارڈ بھی فراہم کیا جا ئے گا تاکہ وہ 10 لاکھ روپے تک اپنی بیماری کا علاج کرواسکے اور اسے اپنی پسند کے ہسپتال میں اپنی پسند کے ڈاکٹر سے وسائل نہ ہونے کے باوجود علاج معالجہ کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔

وہ جمعہ کے روز سٹی کونسل 86 فیصل آباد کے علاقہ چک 225 رب احمد نگر میں لاکھوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونیوالے سکول میں اضافی کمروں کی تعمیر،نئے پارک اور ڈسپنسری کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران جو وعدے کئے تھے وہ انکی تکمیل کیلئے دن رات سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنے وعدوں کی تکمیل کیلئے اپنے حلقہ کے لوگوں کے پاس آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے محسوس کیا تھا کہ یہاں سکول میں کمروں کی کمی ہے جبکہ تفریح کیلئے پارک یا کوئی اچھا گراؤنڈ اورفوری طبی امداد کیلئے ڈسپنسری بھی نہیں لہٰذا آج انہوں نے اپنے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے علاقہ کے سکول میں اضافی کمروں کی تعمیر،نئے پارک اور ڈسپنسری کا افتتاح کردیا ہے جس سے علاقہ کے لوگ مستفید ہوں گے۔

 فرخ حبیب نے کہا کہ سٹی کونسل 86 فیصل آباد کا حلقہ بہت بڑا ہے جس میں عوام کا معیار زندگی بلند اور انہیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے کئی تعمیراتی و ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کام رہ گئے ہیں وہ بھی انشااللہ بہت جلد مکمل کرلئے جائیں گے اور اس حلقہ کو سہولیات کے حوالے سے پیپلز کالونی جیسے پوش علاقہ کے ہم پلہ لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں جبکہ علاقہ میں جلد ٹیکنیکل کالج اور سستے گھر بھی بنائے جائیں گے۔

وزیر  مملکت  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آئیڈیاز کے حامل نوجوانوں کو 20 لاکھ روپے تک سرمایہ فراہم کیا جا ئے گا تاکہ وہ اپنے کاروبار شروع کرکے ملکی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

اس موقع پر علاقہ کے لوگوں نے سکیموں کی تکمیل پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں آئندہ بھی اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔بعدازاں علامہ اقبال کالونی میں 5 کروڑ 10 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے کمیونٹی سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی شبانہ روز جدوجہد کے نتیجہ میں ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہوگئی ہے کاروبار، ملیں، لومیں چل پڑی ہیں لہٰذا اب حکومت مافیاز اور مہنگائی کا خاتمہ کرکے عوام کوبھرپور ریلیف دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ آپ کے ٹیکسوں کے پیسے سے ہی ممکن ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی تمام بوسیدہ لائنیں تبدیل ہوچکی ہیں اور تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس چالو ہوچکے ہیں۔

فرخ  حبیب نے کہا کہ اس کمیونٹی سنٹر میں شادی ہال، خواتین کیلئے دستکاری سنٹر،جم سمیت دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی اور جو لوگ چناب کلب کی رکنیت لیتے ہیں وہ اس کمیونٹی سنٹر کی رکنیت لینے میں بھی فخر محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایل اور ایم بلاک میں بھی پارک تعمیر کئے جارہے ہیں جس سے شہری مستفید ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی علاقہ میں آئے یہاں کے لوگوں نے انہیں بڑی عزت دی لہٰذا وہ بھی اپنے تمام وعدوں کی تکمیل یقینی بنائیں گے۔

اس موقع پر علاقہ معززین اور اہم سیاسی شخصیات سمیت پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔