انتظامیہ شہریوں کے جان و مال اور صحت کے تحفظ کیلئے دن رات کوشاں ہے، ان سے تعاون کریں، غیر ضروری گھروں سے مت نکلیں

24

فیصل آباد،مئی11 (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی خصوصی ہدایات کے مطابق عیدالفطرکے حوالے سے جاری کئے گئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے سخت اقدامات کا آغاز کردیا گیا۔ ضلعی حکومت کے ترجمان نے بتایاکہ مخصوص کاروباروں کے علاوہ لاک ڈاؤن کے دوران باقی تمام مارکیٹیں، دکانیں و دفاتر بند رہیں گے جبکہ چاند رات بازاروں، مہندی،چوڑیوں کے سٹالز، زیورات، کپڑوں،جوتوں کے سٹالز پربھی مکمل پابندی عائدہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے لہٰذا شہری کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے گھروں میں رہیں اور انتہائی ضروری امور کے علاوہ گھروں سے نکلنے سے گریز کیا جائے بصورت دیگر فیس ماسک کے بغیر گھروں سے نکلنے والوں کو گرفتار کرلیا جا ئیگا۔

دریں اثناء، ممبر پنجاب اسمبلی (ایم پی اے) چوہدری لطیف نذر نے شہریوں سے کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔ یہ وباء پورے ملک میں تیزی سے پھیل رہی تھی جس کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے عید الفطر کے موقع پر 8مئی سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن کا فیصلہ شہریوں کی جان کے تحفظ کیلئے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ شہریوں کی جان و مال اور صحت کے تحفظ کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ ان کے ساتھ تعاون کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے مت نکلیں، اسی میں ان کا اور ان کے پیاروں کا فائدہ ہے۔