اوکاڑہ؛عالمی ہفتہ برائے روڈ سیفٹی کے سلسلے میں ضلع بھر میں آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری

36

رینالہ خورد،21 مئی(اے پی پی): عالمی ہفتہ برائے روڈ سیفٹی کے سلسلے میں ضلع بھر میں علامتی آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری ہے۔جس کے تحت ضلع اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں (اوکاڑہ، رینالہ خورد اور دیپالپور) میں پبلک اداروں، پرائیویٹ کالجزاور لاری اڈوں میں آگاہی کیمپس لگائے گئے جن میں عوام الناس کو اس ہفتہ کے حوالے سے آگاہی کیلئے سیمینارز کا انعقاد کیا اور بعد ازاں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔

اوکاڑہ میں ریسکیو سیفٹی آفیسر عائشہ سہیل کی زیرِ قیادت محکمہ صحت کے ساتھ مل کر آگاہی واک کی گئی۔ رینالہ خورد میں ریسکیو سیفٹی آفیسر عارف اقبال کی قیادت میں آئی ایل ایم کالج کے سٹاف کے ساتھ مل کر آگاہی واک، سیمینار کا انعقاد کیا گیا جبکہ دیپالپور میں بھی ریسکیوسیفٹی آفیسرندیم اصغر کی زیرِ قیادت لاری اڈہ میں پولیس کے ساتھ مل کر آگاہی واک کی اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے۔

 اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ روڈ ٹریفک حادثات کی روک تھام میں عوام الناس سے ایپل ہے کہ وہ ریسکیو1122 کا ساتھ دیں اور اپنی اور اپنے پیاروں کی جان ومال کی حفاظت میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔