برسلز، 29 مئی (اے پی پی):یوروپی یونین ، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ پانچویں آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
آن لائن کھلی کچہری کا اہتمام وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی مناسبت سے کیا گیا ، تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونیٹی کے ساتھ قریبی رابطے کو برقرار رکھا جا سکے اور ان کو بلا تعطل خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے اس بات پر زور دیا کہ کھلی کچہری کے کے ذریعے سفارت خانے اور برادری کے مابین براہ راست تعلق اور بات چیت کے لئے ایک فورم مہیا ہوا ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سفارت خانہ خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کے لئے کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتا ہے ۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے یوروپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے حالیہ اجلاس سے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے ظہیر اے جنجوعہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاک – ای یو اسٹریٹجک تعلقات کے منصوبے (ایس ای پی) نے پاکستان اور یوروپی یونین کی شراکت داری میں ایک ٹھوس کثیر الجہتی بنیاد فراہم کی ہے۔
انہوں نے پاکستانی برادری پر زور دیا کہ وہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ رواں سال مارچ میں حبیب بینک لمیٹڈ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پر پہلے ویبنار کا ذکر کرتے ہوئے سفیر نے اعلان کیا کہ سفارت خانہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے اسلامی بینکاری کے پہلوؤں پر دوسرا ویبنار 10 جون کو شام 4 بجے میزان بینک کے اشتراک سے منعقد کرے گا۔ انہوں نے کمیونٹی کے ممبران کو ویبینار میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔
ورچوئل کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں اکیڈمیا، پیشہ ور افراد، کاروبار، سماجی خدمات اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوئے۔
کمیونٹی ممبران نے سفارتخانے کی کوششوں اور موثر قونصلر خدمات کی فراہمی کو سراہا۔