تحریک انصاف کی حکومت کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا؛ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

15

لاہور ،28 مئی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، ہم عوام کی بے لوث خدمت میں مگن  ہیں۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے جمعہ کو یہاں  اراکین قومی اسمبلی  سے  ملاقات میں کیا ، ملاقات کرنے والوں میں نواب شیر وسیر، حاجی امتیاز احمد اور غلام بی بی بھروانہ شامل تھیں۔ ملاقات میں اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس کے دروازے منتخب نمائندوں کے لئے ہر وقت کھلے ہیں، اراکین صوبائی اسمبلی کی طرح اراکین قومی اسمبلی بھی میرے ساتھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کرلیا ہے  جبکہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کرنے کے لئے منتخب نمائندوں کو آن بورڈ لیا گیا ہے،ہرضلع کی یکساں ترقی کے ویژن سے صوبے میں ڈویلپمنٹ کا نیا باب رقم ہوگا۔

عثمان بزدار نے  کہا کہ  وسائل پر سب سے پہلا حق پسماندہ ترین علاقوں کا ہے اور  ہم یہ حق واپس کررہے ہیں جبکہ  اڑھائی برس میں کسی بھی ضلع سے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے حق تلفی نہیں ہونے دی۔انہوں نے کہا کہ وسائل پر حق صرف چند بڑے شہروں کانہیں بلکہ دور دراز اضلاع کا بھی ہے۔

اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ کی جانب سے ہر ضلع کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج تیار کرنا خوش آئند اقدام ہے، ڈویلپمنٹ پیکیج سے دور دراز اضلاع کی محرومیاں دور ہوں گی۔