جلالپورپیروالا،20مئی (اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ریٹائرڈ) ثاقب ظفر اور سیکرٹری لائیوسٹاک ساؤتھ پنجاب آفتاب احمد پیرزادہ کی ہدایت پر جلال پور کے نواحی علاقہ جھوک، گامن والی اور بستی حجانہ میں فری ویٹرنری کیمپ لگایا گیا جس میں اونٹوں کا مفت معائنہ کیا گیا، کیمپ میں پیٹ کے کیڑوں کی مفت ادویات مہیا کرنے کیساتھ ساتھ اونٹ پالنے والے حضرات کی تربیت بھی کی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر جمشید اختر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اونٹ کی سب سے بہترین نسل پنجاب میں پائی جاتی ہے جس کے تحفظ اور بہتر نشوونما کیلئے محکمہ لائیو سٹاک ساؤتھ پنجاب بھرپور اقدامات کر رہا ہے، اونٹ کا گوشت اور دودھ لاتعداد خوبیوں کی وجہ سے انسانی صحت کیلئے پوری دنیا میں موزوں ترین قرار دیا جا چکا ہے جس میں بیماریوں سے لڑنے کی بے پناہ صلاحیت اسے دوسرے جانوروں سے ممتاز کرتی ہے۔
ڈاکٹر جمشید اختر نے بتایا کہ اس ویٹرنری کیمپ کا مقصد اونٹ پالنے والے حضرات کو اونٹ کے دودھ اور گوشت کی افادیت بارے آگاہی دینا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ یہ لوگ مزید احسن طریقے سے اونٹوں کی پرورش کر سکیں۔