جلد کچے کےعلاقے سے ڈاکوئوں کا صفایا کردیں گے، وزیراعلی سندھ کی وفاقی وزیر داخلہ سے  ملاقات میں گفتگو،  سندھ حکومت چاہئے  تو  مدد کرنے کو  تیار ہیں، ڈاکوئوں کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات  درج کرائے جائیں، شیخ رشید

16

کراچی،27مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے  کہ امن و امان سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت چاہئے  تو ہم  مدد کرنے کیلئے تیار ہیں، ڈاکوئوں کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات  درج کرائے جائیں، کسی بھی چیز کی ضرورت پڑے وزارت داخلہ مہیا کرے گی،رینجرز حاضر ہے ، سندھ حکومت  جب چاہے ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن میں ان کی خدمات لے سکتی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے ان خیالات کا اظہاروزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے  ساتھ  جمعرات کو یہاں وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات  کے موقع پر کیا۔جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، ڈی جی علی نواز، مشیر قانون ، چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی سندھ مشتاق مہر بھی موجود تھے۔  اس موقع پر وزیراعلی سندھ سیدمرادعلی شاہ نے کہا کہ  ان کی حکومت درکار حساس سازو سامان کا انتظام کر رہی ہے، جلد کچے کے علاقہ سے ڈاکوئوں کا صفایا کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطرناک ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر تھا اب 126 پر ہے،پہلے سندھ میں جان پہچان والوں کے ساتھ سفر کرتے تھے، 2007 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے گرینڈ آپریشن کرکے ہائی ویز کلیئر  کروائیں،کراچی میں بھی امن و امان اتنا خراب تھا کہ نو گو ایریا بن گئے تھے،پورا سندھ گڈو سے کوٹڑی بیراج تک کچا ایریا ہے، صرف5 ، 6 کلومیٹر  گھنا جنگل ہے۔ کشمور سہ رخی بارڈر کا شہر ہے، پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بارڈرز کو آپس میں ملاتا ہے، جنگل میں جرائم پیشہ افراد    ڈیرہ  کا راستہ دریا میں پانی آنے سے  بند کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 مئی کو پولیس نے آٹھ مغویوں کو شکارپور کے کچے سے بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کیا، بکتر بند گاڑی خراب ہونے کے باعث ڈاکوں نے حملہ کیا، حملے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آپ وزیر داخلہ ہیں، آپ جب بھی چاہیں آجائیں،ہم ملکر کام کریں گے، آپ کو سندھ میں ویلکم کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچھ حساس سازوسامان چاہئے، اس کا بندوبست سندھ حکومت کررہی ہے، وزارت داخلہ  بھی مدد کرے، ہم جلد کچے کےعلاقے سے ڈاکوئوں  کا   صفایا کردیں گے۔