جیکب آباد،29مئی(اے پی پی): وکٹر نیوٹن میموریل چرچ کی جانب سے خواجہ سراؤں کیلئے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، منتظمین نے خواجہ سراؤں کو سندھ کی ثقافت کا حصہ اجرک کے تحفے پیش بھی کیے۔
منعقدہ تقریب میں مقررین کا کہنا تھا کہ عید ملن پارٹی منانے کا مقصد خوشیوں کے تہوار پر آپس میں پیار بانٹنا اور ایک دوسرے سے جڑے رہنا ہے، اس دن کا چرچ میں اہتمام کرنا مذہبی رواداری اور ہم آہنگی اور دنیا کو امن کا پیغام دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سراء ہمارے معاشرے کا بہترین اور خوبصورت حصہ ہیں مگر خواجہ سراؤں کو بنیادی حقوق نہیں ملتے اور انہیں تشدد اور جنسی زیادتیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ہمارا فرض بنتا ہے کہ خواجہ سراء کی حوصلہ افزائی کرکے انہیں برابر کے حقوق دیں۔
تقریب میں شرکت کرنے والے خواجہ سراؤں کا کہنا تھاکہ ان کیلئے سرکاری ملازمتوں میں کوٹا مختص کیا جائے اورسوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت مستحق خواجہ سراؤں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا تاکہ وہ بھی معاشرے میں عام لوگوں کی طرح زندگی بسر کر سکیں۔