حکومت انٹر پرینیورز کو مسابقتی اور شفاف کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

15

اسلام آباد،20مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت انٹر پرینیورز کو مسابقتی اور شفاف کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے ، پائیدار معیشت کے قیام کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں،وفاقی حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود تاجر برادری کو 1.2کھرب کا پیکج دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرمیاں نصیر حیات ماگو کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کے دوران احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 1.5 کروڑ خاندانوں کی مالی امداد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین اور معذور افراد کی معاشی خودمختاری پر بھی توجہ مرکوز کررہی ہے ،حکومت خواتین اور معذور افراد کو 5 فیصد مارک اپ پر قرض فراہم کررہی ہے۔

 صدر مملکت  نے کہا کہ تاجر برادری نے ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ،تاجرٹیکس ادا کریں تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے مزید رقوم مختص کی جاسکیں۔

وفد نے صدر کو تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور ٹیکس ادائیگی طریقہ کار مزید آسان بنانے اور موزوں کاروباری ماحول فراہم کرنے سے متعلق تجاویز پیش کیں۔صدر مملکت نے تاجر برادری کو مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔