لاہور، 26 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت عبادت اور دلی سکون کے حصول کا ذریعہ ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو تعلیم ،صحت ، پینے کے صاف پانی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، کمزور طبقات کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کے لئے اربوں روپے کی سکیمیں مکمل کی جارہی ہے، عوام کی خدمت کے لئے ہمہ وقت حاضر ہوں اور میرے دروازے ہمیشہ عوام کے لئے کھلے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے بدھ کو یہاں حلقہ 151کے علاقے سوڈیوال دورہ کے موقع پر کیا، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے گورنمنٹ رانا عبدالرحیم خان میموریل ہسپتال سوڈیوال بھی گئے جہاں انہوں نے ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیااور زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر کو سوڈیوال کے علاقے کے لئے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے بارے میں واسا کے حکام نے بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ہسپتال میں ویکسینیشن کا عمل بھی جلد شروع کیا جارہا ہے، ہسپتال میں کورونا ویکسینیشن کے آغاز سے علاقے کے لوگوں کو سہولت ملے گی، سوڈیوال کے علاقے کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 44کروڑ روپے کی لاگت سے نئی سکیم شروع کی جارہی ہے، سکیم کے تحت 2نئے ٹیوب ویل لگیں گے اور 19 کلو میٹر کے علاقے میں نئی پائپ لائن بچھائی جائے گی، ہر گھر کو نیا کنکشن ملے گااور پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔
صوبائی وزیر نے علاقے میں 34کنال رقبہ پر گرلز ڈگری کالج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈگری کالج کے قیام کے لئے آئند بجٹ میں 100کروڑ روپے رکھے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈگری کالج بننے سے علاقے کی بچیوں کو معیاری تعلیم کے مواقع ملیں گے، سمن آباد کالج میں 20 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کروائے جارہے ہیں، حلقہ کے سکولوں کو اپ گریڈ اور پارکوں کو خوبصورت بنایا جارہا ہے۔