حکومت ملک میں ماں اور بچے کے ہسپتالوں میں بہترین طبی خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے؛ ڈاکٹر فیصل سلطان

12

اسلام آباد،19مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ماں اور بچے کے ہسپتالوں میں بہترین طبی خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔

مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ماں اور بچوں کی اموات کی شرح کو کنٹرول کرنے کے لئے سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے متعدد میگا پروجیکٹس شروع کرکے صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے  کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں جدید ترین طبی سامان فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 200 بستر پر مشتمل ماں اور بچوں کا ہسپتال ایک سال میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے  کہا کہ نوزائیدہ بچوں کی انتہائی نگہداشت اور جنرل سرجری کے علاوہ اس اسپتال میں پیڈیاٹرک سرجری بھی کروائی جائیں گی۔