اسلام آباد ،05 مئی (اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری اور معاشرے کے کمزورطبقات کیلئے اقدامات کر رہی ہے، حکومت منصفانہ کاروباری ماحول اور پائیدار معیشت کی تشکیل کے لئے پرعزم ہے۔
بدھ کو یہاں لاہور ایوانِ صنعت و تجارت کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کورونا کے باوجود پاکستان کی معیشت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا،حکومت نے کورونا وبا میں کاروباری اور معاشرے کے کمزور طبقات کو 1.2 کھرب کا تاریخی محرک پیکج فراہم کیا ۔ ٹیکس وصولی اور برآمدات میں اضافہ معیشت کی بہتر کارکردگی کا ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران ملک کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان کی برآمدات گزشتہ 10 ماہ میں 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔
صدر مملکت نے بتایا کہ ٹیکس محصولات کے3.6 کھرب روپے کے ہدف سے 143 ارب روپے زائد وصولیاں ہوئیں، حکومت کی کاروباردوست پالیسی کے نتیجے میں پاکستان کی کاروباری عالمی درجہ بندی 136 ویں پوزیشن سے 108 ویں پوزیشن تک پہنچ گئی۔
صدر مملکت نے بزنس کمیونٹی کو تاجروں کو ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دینے کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ۔