اسلام آباد،17مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا ہے اور اس حوالے سے بحری اور فضائی اداروں کو فیصلے سے آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے باہر جانے سے کیس متاثر ہوتا، جانے کی اجازت دی گئی تو یہ سلطانی گواہوں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں، نواز شریف واپس نہیں آئے تو چھوٹے بھائی نے کہاں آنا تھا، انصا ف کا تقاضا ہے کہ سب ملزموں سے ایک جیسا سلوک ہو۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ شہبازشریف، نوازشریف کے ضمانتی ہیں اور وہ بیرون ملک چلے گئے تو ان کو بھی نواز شریف کی طرح واپس لانا مشکل ہوگا، جب کہ شریف فیملی کے 5 افراد پہلے سے بیرون ملک مفرور ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نوازشریف کی واپسی میں بے بس نہیں اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں، برطانیہ کے سفیر نے بتایا کہ یہ ایک لمبا عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق بحری اور فضائی اداروں کوآگاہ کردیا گیا ہے، شہباز شریف 15 دن میں نظرثانی کی درخواست وزارت داخلہ کو دے سکتے ہیں۔