حکومت وکلاءکی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے : وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین 

25

اسلام آباد ، 27 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین  نے کہا ہے کہ وکلاءبرادری کے مسائل سے آگاہ ہیں ،حکومت وکلاءکی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

جمعرات کو یہاں پنجاب بار کونسل کے وفد  سے ملاقات کے دوران گفتگو  کرتے  ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب بار کونسل کا اپنے انتخابات بائیو میٹرک طریقہ سے کروانے کیلئے حکومت سے سہولت فراہم کرنے کے مطالبے پر حکومت پنجاب بار کونسل کو الیکٹرانک ووٹنگ کی سہولت فراہم کرے گی، وکلاءبرادری کو الیکٹرانک ووٹنگ کے بارے میں ڈاکٹر بابر اعوان، علی ظفر کے ہمراہ بریفنگ دی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے  بتایا کہ ینگ لائرز کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت 10 لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کرنے پر غور کر رہے ہیں،حکومت وکلاءکے لئے ہاﺅسنگ کالونیاں بنانے کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ وکلاءکو صحت کارڈز فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔انہوں نے  کہا کہ  وکلاءبرادری کو قومی مسائل پر قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔

اس موقع پر  بار ایسوسی ایشن کے ارکان نے وفاقی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر  وفاقی وزیر نے بار ایسوسی ایشن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کروائی۔

ملاقات میں پنجاب بار ایسوسی ایشن کے وفد میں وائس چیئرمین امجد اقبال خان، انٹرا پراونشل اینڈ فارن افیئرز کمیٹی کے چیئرمین منیر حسین بھٹی، پنجاب بار کونسل کے ارکان راجہ ظفر اقبال، چوہدری محمد اشفاق کہوٹ، رانا ضمیر احمد جھڈو، آصف شہزاد چوہدری، فرخ عارف بھٹی، چوہدری سہیل شمشاد ایڈووکیٹ، ظفر اقبال منگن ایڈووکیٹ، وسیم اصغر ایڈووکیٹ، کامران منجد ایڈووکیٹ اور ندیم طاہر، سیکشن آفیسر شامل تھے۔